ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / مزاحیہ اداکاروں کے خلاف توہین عدالت معاملہ،سپریم کورٹ نے کہا، تنقید بڑھتی جارہی ہے

مزاحیہ اداکاروں کے خلاف توہین عدالت معاملہ،سپریم کورٹ نے کہا، تنقید بڑھتی جارہی ہے

Sat, 30 Jan 2021 11:59:19    S.O. News Service

نئی دہلی،30؍جنوری(ایس او نیوز؍ایجنسی )سپریم کورٹ نے جمعہ کے روز کہا کہ عدالتوں پر تنقید بڑھتی جارہی ہے اور اب ہر ایک ایسا کررہا ہے۔ساتھ ہی عدالت نے کارٹونسٹ تنیجا سے ایک درخواست پرتین ہفتوں کے اندر جواب داخل کرنے کو کہاہے، جس میں عدالت کے خلاف ان کے مبینہ گستاخانہ ٹویٹ پر توہین عدالت کی کاروائی کرنے کی کردرخواست کی گئی ہے ۔

ساتھ ہی عدالت عظمیٰ نے ’اسٹینڈ اپ کامیڈین‘ کنال کامرا کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کی درخواستوں پر سماعت دو ہفتوں کے لئے ملتوی کردی۔ درخواست گزاروں کا کہنا تھا کہ انھیں فنکار کا جواب مل گیا ہے جس کے بعد عدالت نے سماعت دو ہفتے کے لئے ملتوی کردی۔ کامرا معاملے میں کچھ درخواست گزاروں کی جانب سے پیش ہوئے ایڈووکیٹ نشانت کنٹیشور نے جسٹس اشوک بھوشن، جسٹس آر ایس ریڈی اینڈ جسٹس ایم آر شاہ کی بنچ کو آگاہ کیا کہ مزاحیہ اداکار کا جواب مل گیا ہے اور اس کیس کی سماعت دو ہفتے کے بعد درج کی جانی چاہئے۔

بنچ نے اتفاق کیا اور کہا کہ وہ اس کیس کی سماعت دو ہفتوں کے بعد کرے گی۔ ساتھ ہی ایک دوسری درخواست پر تنیجا کی طرف سے پیش ہوئے سینئر ایڈووکیٹ مکل روہتگی نے کہا کہ ان کے خلاف دائر درخواست پروہ جواب پیش کریں گے۔ تاہم بنچ نے کہا کہ تنقید بڑھتی جارہی ہے اور ہر کوئی ایسا کر رہا ہے۔ روہتگی نے کہا کہ عدالت پر تنقید کبھی بھی توہین نہیں ہوسکتی ہے اور وہ 25 سالہ خاتون ہے۔

انہوں نے کہا کہ عام خیال بن گیا ہے کہ عدالتی تعطیلات کے دوران ایک صحافی کی درخواست پر سماعت کیوں ہوئی۔ بنچ نے کہاکہ اگر آپ جواب داخل نہیں کرنا چاہتے تو ہم آگے بڑھیں گے، بہتر ہے کہ آپ جواب داخل کریں۔روہتگی نے کہا کہ وہ جواب داخل کریں گے۔بنچ نے کہا کہ وہ اس کیس کو تین ہفتوں کے بعد درج کرے گا۔ کامرا اور تنیجا کے مبینہ توہین آمیز ٹویٹس کے خلاف عدالت عظمی کی جانب سے 18 دسمبر کو وجہ بتائونوٹس جاری کیاگیاتھا۔ دو الگ الگ مقدمات میں عدالت عظمیٰ نے نوٹس پر 6 ہفتوں کے اندر ان کا جواب مانگا تھا اور انہیں ذاتی طور پر پیش ہونے سے چھوٹ دی تھی۔ عدالت عظمی نے کہا تھا کہ اٹارنی جنرل کے کے وینوگوپال نے دونوں مزاحیہ اداکاروں کے خلاف الگ الگ مقدمات میں توہین عدالت کی کارروائی شروع کرنے کے لئے اپنی رضامندی دے دی ہے۔ سپریم کورٹ کی ہتک عزت پر دو ہزار روپے تک جرمانہ اور 6 ماہ تک قید کی سزا ہوسکتی ہے۔


Share: